نئی دہلی،11/جنوری (آئی این ایس انڈیا) ہندوستان نے لداخ میں سرحد پر پکڑے گئے چینی فوجی کو چین کوواپس کردیا۔ ہندوستانی فوج نے آج دس بجے چشول مولڈو بارڈر پوائنٹ پر گرفتار چینی فوجی کو پیپلز لبریشن آرمی کے حوالے کیا۔ 8 جنوری کی صبح یہ فوجی پینگونگ جھیل کے جنوب میں ایل اے سی کو عبور کرکے ہندوستانی سرحد میں داخل ہوا۔ وہاں تعینات ہندوستانی فوجیوں نے اس چینی فوجی کو گرفتار کرلیا۔
چینی فوجی کے ساتھ طے شدہ طریقہ کار کے تحت کارروائی کی گئی۔ جن حالات میں چینی فوجی ایل اے سی کو عبور کرکے ہندوستانی سرحد میں داخل ہوا اس کی بھی تحقیقات کی گئی۔دوسری طرف جب چینی فوجی ہندوستانی سرحد میں داخل ہوا تو چین نے کہا کہ اس کا سپاہی اندھیرے میں بھٹک گیا تھا جس کی وجہ سے وہ ہندوستانی حدود میں داخل ہوا تھا۔
چین نے ہندوستان سے اپنا فوجی واپس کرنے کی درخواست کی تھی۔ جس کے بعد آج ہندوستان نے چینی فوجی کو پی ایل اے کے حوالے کردیا۔ ایک سال کے اندر یہ دوسرا واقعہ ہے جب چینی فوجی راستہ بھٹک کرہندوستانی سرزمین میں گھس آئے اور بعد میں ہندوستانی فوجیوں نے اسے چینی فوج کو واپس کردیا۔ اس سے قبل ہندوستانی فوج نے گزشتہ سال اکتوبر میں مشرقی لداخ کے علاقے چومر - ڈیموک میں پی ایل اے کے ایک فوجی کو گرفتار کیا تھا۔ چینی فوجی راستہ بھٹک کر ہندوستانی سرحد میں داخل ہواتھا۔
بعدازاں اسے چین کے حوالے کردیا گیاواضح رہے کہ لائن آف ایکچول کنٹرول پر گذشتہ مئی کے پہلے ہفتے سے ہندوستان اور چین کے فوجی مد مقابل ہیں۔ سرحد میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سردی کے موسم میں بھی سرحد پر دونوں اطراف کے سپاہیوں کا زبردست اجتماع ہے۔